اسلام آباد میں24گھنٹوں میں34افراد میں اومی کرون کی تصدیق

54 / 100

اسلام آباد(ویب ڈیسک) اسلام آباد میں24گھنٹوں میں34افراد میں اومی کرون کی تصدیق ہوئی ہے، مجموعی تعداد66ہو گئی جس میں ایک ہی خاندان کے 15افراد بھی شامل ہیں۔

اسلام آباد میں اومی کرون کیسز کی تصدیق ڈی ایچ او زعیم ضیاء نے کی ہے ، ان کی طر ف سے بتایا گیاہے کہ وفاقی دارالحکومت میں اومیکرون کے مجموعی مریضوں کی تعداد 66 ہو چکی ہے۔

اسلام آباد میں اومیکرون کا پہلا کیس 25 دسمبر کو سامنے آیا تھا اور آج سے قبل شہر میں کیسز کی تعداد 32 تھی گزشہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک دم مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا۔

ضلعی افسر صحت کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دنیا بھر میں اومی کرون میں اضافے کے رجحان کے باعث خدشہ ہے کہ اسلا م آباد میں بھی کیسز پھیل سکتے ہیں اس لئے ضروری ہے شہری افراتفری پھیلانے کی بجائے احتیاط کریں۔

دوسری طرف وزارت صحت کی جانب سے بھی ایڈوائزری جاری کردی گئی ہے جس میں شہریوں کو نئے سال کی تقریبات کے موقع پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں ایک تقریب کے موقع پر ایک ہی خاندان کے 15 سے زائد افراد وائرس کا شکار ہوئے اور شہر میں اومیکرون کے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے اسی لئے ایڈوائزر ی بھی جاری کی گئی۔

شہریوں سے کہا گیاہے کہ نئے سال کی تقریبات کے موقع پر زیادہ سفر، ماسک نہ لگانے، سماجی فاصلہ اختیار نہ کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کی صورت میں لوگوں کے وائرس کا شکار ہونے خدشہ ہے۔

عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تقریبات خصوصاً رش والے مقامات جیسے شاپنگ مال وغیرہ پر جانے سے پرہیز کریں اور عوام الناس میں وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ضروری ہے کہ صرف ویکسین لگوانے والے افراد ہی باہر جائیں۔

وزارت صحت نے لوگوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اور اپنے پیاروں کی جانوں کے تحفظ کے لیے جلد از جل قریبی ویکسینیشن مراکز پر جا کر ویکسین لگوائیں۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر زعیم ضیا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی شخص میں وائرس کی علامات ظاہر ہوتی ہیں تو وہ فوراً قرنطینہ کر لے اور کووڈ۔19 کی رپورٹ منفی آنے تک قرنطینہ میں رہے۔

Comments are closed.