علی ظفر کی تفتیش مکمل، اب انصاف مل جانا چاہیے،جہانگیر ترین

لاہور(زمینی حقائق ڈاٹ کام) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے علی ظفر نے جو کہا ہے وہ بات منظر عام پرآنی چاہیے، ہمیں کچھ ایسی باتیں معلوم ہیں جو میڈیا کو نہیں بتاسکتے۔

لاہور کی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ عمران خان نے بیرسٹر علی ظفر کو تفتیش کےلیے مقرر کیا تھا، انہوں نے تفتیش مکمل کرلی ہے.

ان کا کہنا تھا کہ امید تھی رپورٹ منظر عام پر آجائے گی لیکن آج مئی کا آخری دن بھی آگیا مگر رپورٹ منظر عام پر نہیں آئی۔انہوں نے کہا کہ قیاس آرائیاں ہیں کہ علی ظفر نے زبانی رپورٹ دے دی ہے.

جہانگیر ترین نے کہا کہ یہ قیاس آرائیاں بھی ہیں کہ رپورٹ میرے لیے مثبت ہے، عمران خان نے انصاف کا وعدہ کیا تھا بہت دن گزر گئے اب انصاف مل جانا چاہیے، ہمارے ساتھ سیاست نہ کی جائے بلکہ انصاف دیا جائے۔

جہانگیر ترین نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نذیر چوہان پر مقدمہ ہوا اس سے بات بگڑی ہے۔

اس سے قبل عدالت نے پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین اور بیٹے علی ترین کی عبوری ضمانت میں 11 جون تک توسیع کردی گئی ہے۔

آج لاہور کی سیشن عدالت میں پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین اور علی ترین کے خلاف شوگر اور منی لانڈرنگ کیسز کی سماعت ہوئی۔ سیشن عدالت کے جج حامد حسین نے کیس کی سماعت کی۔

کیس کی سماعت کے دوران جج نے ایف آئی اے سے سوال کیا کہ پچھلے 15 دن میں آپ نے کیا پیش رفت کی ہے؟ پراسیکیوٹرنے بتایا کہ ایک تفتیشی افسر کا ٹرانسفر ہوگیا ہے۔

جج سیشن عدالت نے استفسار کیا کہ اہم کیس کی تفتیش چل رہی ہے ٹرانسفر کیسے ہو سکتا ہے،ایف آئی اے نے جواب میں بتایا کہ ٹرانسفر معمول کی بات ہے، جج نے سوال کیا کہ میں نے یہاں دستخط کس لیے کرائے تھے۔

سماعت سے قبل ترین گروپ کے ارکان ملک نعمان لنگڑیال، راجہ ریاض، چوہدری زوار حسین و دیگر ارکان جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں ہم خیال گروپ کا اجلاس بھی ہوا ہے۔

Comments are closed.