تحریک لبیک پر پابندی کا عمل2دن میں مکمل ہوگا، حکومت


اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وفاقی حکومت کی طرف سے کہا گیاہے ٹی پی ایل پر پابندی کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا ہے اور تحریک لبیک پر پابندی عائد کرنے کا عمل ایک دو دن میں مکمل ہوجائے گا۔

وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا، تحریک لبیک پر پابندی کے لیے کابینہ کو سفارش بھیج دی ہے، ٹی ایل پی کے بینک اکاؤنٹس، اثاثوں پر پابندی کا فیصلہ وزارت قانون دیکھے گی۔

شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان کے لوگوں نے پولیس اہلکاروں کو اغوا کرنا شروع کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی ملک میں بد امنی پھیلارہی ہے، پاکستان ایسا ملک نہیں کہ ایمبولنس بھی نہ چل سکے۔

شیخ رشید نے اپنے بیان میں کہا کہ تحریک لبیک کا ایجنڈا کچھ اور ہے، وزارت داخلہ نے رپورٹس اور پنجاب حکومت کی سفارش پر پابندی کا فیصلہ کیا اوروزارت داخلہ نے تحریک لبیک پر پابندی کی سمری وزیراعظم کو ارسال کر دی

انھوں نے کہا کہ تحریک لبیک کا ایجنڈا تھا کہ ملک کو جام کیا جائے،انہوں نے کہا کہ کیا دنیا میں کوئی سوچ سکتا ہے کہ ایمبولنسز پر حملہ کیا جائے؟وزیر داخلہ نے کہا زیادہ تر علاقے کلیئر کردیے گئے ہیں، جو رہ گئے ہیں وہ کل تک کلیئر کردیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری نے اس حوالے سے بیان میں کہا ہے کہ تحریک لبیک پر پابندی عائد کرنے کا عمل ایک دو دن میں مکمل ہوجائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ریاستیں اور حکومتیں منت سماجت نہیں کرتیں ، لیکن ہم نے یہ بھی کرکے دیکھا مگر بات نہیں بنی، حکومت نے مذاکرات سے معاملات حل کرنے کی کوشش کی لیکن تحریک لبیک نے احتجاج کی کال دے دی۔

Comments are closed.