ریلوے چلنے کے قابل نہیں بندکرنا پڑے گا، وزیرریلوے


اسلام آباد ( زمینی حقائق ڈاٹ کام) وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے ٹرین سے راولپنڈی کا سفر کیا پھر ریلوے کی صورتحال دیکھی اور ہاتھ کھڑے کردیئے کہتے ہیں کہ حکومت ریلوے کو نہیں چلا سکتی نجکاری ہوگی یا اسے بند کرنا پڑے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے کہا کہ اسٹیل ملز کی طرح ملک کے ریلوے نظام کا بھی برا حال ہے، اگر یہی نظام چلتا رہا تو پاکستان اسٹیل ملز کی طرح ریلوے کو بھی بند کرنا پڑجائے گا۔

انھوں نے کہا ہے کہ ریلوے اس وقت اس حالت میں نہیں کہ حکومت اسے چلا سکے، اگر اس کی نجکاری کرنا پڑے گی، بحیثیت وزیر کہہ رہا ہوں، ریلوے کو ہم نہیں چلاسکتے۔

اعظم سواتی نے کہا کہ جو کام ہم خود نہیں کرسکتے وہ آؤٹ سورس کردیں گے،شیخ رشید اپنے دور میں کافی چیزیں پائپ لائن میں ڈال گئے۔ ان کی طرح کام نہیں کرسکتا مگر کوشش ضرور کروں گا۔
اپوزیشن نے استعفے دیئے تو سینیٹ میں دیگیں تقسیم کروں گا
اپوزیشن کے استعفوں سے متعلق سوال پر اعظم سواتی کا کہنا تھا کہہ اگر اپوزیشن استعفے دیدیے تو ختم دلواوں گا،سینیٹ میں مٹن اور بریانی کی دیگیں تقسیم کروں گا،اور ان کے استعفی فوری منظور کروا لوں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے 1974 کے بعد اب 46 سال بعد ریلوے کا سفر کیا، ریلوے کے حالات خراب ہیں، مسافر نے بتایا آج آپ کے آنے کی وجہ سے ٹرین وقت پر ملی ۔

واضح رہے اس سے قبل مسلم لیگ ن کی حکومت میں خواجہ سعد رفیق اور موجودہ حکومت کے شیخ رشید احمد وزیر ریلوے رہے ہیں لیکن انھوں نے کبھی اس طرح مایوسی کااظہار نہیں کیا بلکہ ریلوے کی حالت بہتر کرنے کاعزم کرتے رہے ہیں۔

Comments are closed.