ویسٹ انڈیز اور پاکستان کا پہلا ٹی ٹونٹی کل کھیلا جائے گا

ویسٹ انڈیز ٹیم : فائل فوٹو

کراچی (ویب ڈیسک )ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم آج رات 2 مختلف پروازوں سے کراچی پہنچے گی، کل پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ کھیلا جائے گا

ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کا پہلا گروپ رات ساڑھے 9 بجے اور دوسرا گروپ رات سوا 12 بجے دبئی سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے گا۔ دو الگ الگ فلائٹس میں آنے کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ دبئی سے کراچی کے درمیان ایک فلائٹ میں تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کیلئے نشستیں دستیاب نہیں تھیں۔

ویسٹ انڈین ٹیم کراچی میں 3 راتیں قیام کرے گی اور ایئرپورٹ سے ٹیم کو سخت پہرے میں ہوٹل پہنچایا جائے گا۔ کل پہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلا جائیگا جبکہ منگل کی شب کراچی میں آخری ٹی ٹونٹی کے بعد ویسٹ انڈین ٹیم سٹیڈیم سے سیدھا ایئرپورٹ جائیگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی خدشات کی وجہ سے پہلے میچ سے قبل مہمان ٹیم کا کوئی پریکٹس سیشن نہیں ہوگا اور نہ ہی ٹیم کے کپتان سیریز سے قبل روایتی پری سیریز پریس کانفرنس کرینگے جبکہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے کپتانوں کے درمیان ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن بھی نہیں رکھا گیا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ آج شام ساڑھے 5 بجے صرف پاکستان ٹیم کی پریس کانفرنس ہوگی، جس کے بعد قومی ٹیم شام 6 سے رات 9 بجے تک نیشنل سٹیڈیم میں پریکٹس کریگی۔ ویسٹ انڈیز ٹیم کو کراچی میں صدارتی سکیورٹی دی جائیگی، مہمان ٹیم کو رن وے سے بلٹ پروف کوسٹرز پر کڑے پہرے میں ہوٹل منتقل کیا جائیگا۔

Comments are closed.