اسرائیلی فوج کی فائرنگ ، 12فلسطینی شہید،سیکڑوں زخمی

غزہ(ویب ڈیسک) اسرائیلی فوج نے قبضہ کے خلاف احتجاج کرنے والے نہتے فلسطینیوں پر گولیاں چلا دیں، 12 فلسطینی شہید اور ایک ہزار کے قریب افراد زخمی ہوئے۔

ہرسال کی طرح اس بار بھی فلسطینی عوام 30 مارچ کو اپنی سرزمین پر اسرائیلی قبضے کے خلاف احتجاجاً ’یومِ ارض‘ منانے نکلے تھے، کیونکہ ہر سال ریلیاں اور احتجاجی مظاہر ے ہوتے ہیں۔

اس بار بھی 42 ویں سالانہ یوم ارض کے سلسلے میں بھی فلسطین کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی قبضے کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں تاہم مظاہرین پر اسرائیلی فوج نے فائرنگ کی۔

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ کشیدگی غزہ اور اسرائیل کی سرحد کے قریب دیکھی گئی جہاں ہزاروں فلسطینی اسرائیلی قبضے کے خلاف سراپا احتجاج تھے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ کی پٹی کے شمال میں جبالیہ کے علاقے میں فورسز سے جھڑپ کے نتیجے میں 25 سالہ نوجوان محمد نجار کو پیٹ میں گولی لگی اور وہ شہید ہوگیا۔اس کے علاوہ 38 سالہ محمود معمار اور 22 سالہ محمد ابو عمر کو رفح میں شہید کیا گیا۔

شہید ہونے والے دیگر 6 فلسطینیوں کی شناخت 19 سالہ احمد، 33 سالہ جہاد فرینیح، 33 سالہ محمود سعدی رحمی، 22 سالہ عبدالفتح عبدالنبی، 20 سالہ ابراہیم ابو شعار اور ایاد عبدیلال کے ناموں سے ہوئی ہے۔

اسرائیلی ڈیفنس فورسز نے ٹینکوں اور جنگی طیاروں کے ذریعے حماس کے تین ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا۔

Comments are closed.