تحریک انصاف کے بیرسٹر سلطان محمود نے ضمنی انتخاب جیت لیا


فوٹو : فیس بک

میرپور، آزاد کشمیر (زمینی حقائق ڈاٹ کام) پاکستان تحریک انصاف کے بیرسٹر سلطان محمود نےآزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 3 میرپور کا ضمنی انتخاب جیت لیا۔

پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہا جہاں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 59 ہزار  494 ہے جن میں 32490 مرد اور 27004 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

حلقہ ایل اے 3 میرپور میں تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود اور مسلم لیگ (ن) کے چوہدری صہیب سعید کے درمیان کانٹے کا مقابلہ تھا۔

غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی کے بیرسٹر سلطان محمود 18 ہزار 79  ووٹ لیکر کامیاب ہوئے جبکہ ن لیگ کے چوہدری صہیب سعید 13 ہزار 780  ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔

یاد رہے کہ میرپور حلقہ ایل اے تھری کی سیٹ مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد سعید کو سپریم کورٹ کی جانب سے سرکاری اراضی پر قبضے کے الزام پر نااہل قرار دینے کے بعد خالی ہوئی تھی۔

سیٹ خالی ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) نے ان کے بیٹے صہیب سعید کو  ٹکٹ دیا تھا۔  آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہے اورراجہ فاروق حیدر وزیراعظم ہیں.

Comments are closed.