مولانا صاحب آپ خالی ہاتھ اسلام آباد سے واپس گئےہیں،فردوس عاشق

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے مولانا فضل الرحمان کے دعوے کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا صاحب آپ جس طرح خالی ہاتھ اسلام آباد آئے ویسے ہی خالی ہاتھ لوٹ گئے۔

فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ نوازشریف اور شہبازشریف نے عدالت کویقین دہانی کرائی ہے کہ وہ واپس آئیں گے اور انڈیمنٹی بانڈ کی شرط کو ہائی کورٹ نے مسترد نہیں معطل کیا، امید ہے نوازشریف عدالتی فیصلے کی پاسداری کرتے ہوئے پاکستان آئیں گے۔

فردوس عاشق نے کہامولانا صاحب آپ جس طرح خالی ہاتھ اسلام آباد آئے ویسے ہی خالی ہاتھ لوٹ گئے، مولانا صاحب آپ کی سیاسی جڑیں عوام نے کاٹیں،آپ جمہوریت سے بدلہ لینے پر تل گئے، قوم نے دیکھ لیا کہ کون اسلام آباد سے چلتا بنا، عوام نے آپ کومسترد کرکے ثابت کیا کہ وہ انتہا پسندی کے ساتھ نہیں۔

انھوں نے کہا عوام نے آپ کے سارے پلان چوپٹ کر دیے اور آپ کو پلان "ایگزٹ” کا سہارا لینا پڑا، "روڈز بلاک”پلان بھی عوام نے مسترد کردیا، اب مولانا جمہوریت کے راستے میں انا کی رکاوٹیں کھڑی کرکے اپنا سیاسی مستقبل خراب نہ کریں۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ مولانا صاحب حلقے میں جائیں، سیاسی طور پر ہلکے نہ ہوں، مولانا لشکرکشی اور غیرجمہوری ہتھکنڈوں میں ناکامی کے بعد اپنی خفت مٹانے کی کوشش کررہےہیں.

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا ہم نے تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جمہوری طرز عمل اختیار کیا اور آپ کے احتجاج کے حق کو تسلیم کیا اور اسی لیے دھرنا کےلیے سہولیات بھی فراہم کیں.

یاد رہے گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا تھا کہ ہم ایویں ہی اسلام آباد نہیں گے تھے اور نہ ہی ایویں ہی واپس آئے ہیں ان کا مقصد تھا کہ انھوں نے اپنا ٹارگٹ حاصل کیا ہے.

Comments are closed.