نواز شریف کے باہر جانے سے متعلق فیصلہ آج متوقع


لاہور(ویب ڈیسک)شورٹی بانڈ جمع کرانے کی حکومتی شرط کے خلاف لاہو ر ہائی کورٹ میں درخواست پر شہباز شریف کی طرف سے دو صفحات کا بیان حلفی جمع کر دیا گیا۔

توقع کی جارہی ہے کہ عدالت کی طرف سے آج ہی کوئی فیصلہ آ جائے گا کیو نکہ کل چھٹی ہے اور اگر آج فیصلہ نہ آیا تو سماعت پیر تک چلی جائے گی۔

اس سے قبل شہبازشریف کی درخواست پر لاہور ہائی کورٹ کے دورکنی بنچ کی سماعت کے دوران حکومت نے نوازشریف کی بیرون ملک روانگی کے لیے شورٹی بانڈ حکومت کے بجائے عدالت میں جمع کرانے کی پیشکش کی۔

جب کہ دوسری طرف عدالت نے نوازشریف کی واپسی کے لیے شہبازشریف سے تحریری ضمانت طلب کرلی جو انہوں نے وکلا کے ذریعے عدالت میں جمع کرادی۔

گزشتہ روز درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر لاہور ہائیکورٹ نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ دیا کہ شہباز شریف کی جانب سے دائر کی گئی درخواست قابل سماعت ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے دورکنی بینچ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت یہیں ہوگی۔

فیصلہ سنانے کے بعد عدالت نے نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے حکومتی شرائط کے خلاف شہبازشریف کی درخواست کو آج سماعت کے لیے مقرر کیا تھا

جسٹس باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ درخواست پر سماعت کررہا ہے جس میں نیب پراسیکیوٹر، ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور شہبازشریف کے وکیل درخواست پر دلائل دے رہے ہیں۔

سماعت کے موقع پر (ن) لیگ کے صدر شہباز شریف، پرویز رشید، امیر مقام، ملک احمد خان اور عطا تارڑ بھی عدالت میں موجود ہیں۔

Comments are closed.