سندھ کے 3ہسپتال وفاق کو منتقل، بلاول بھٹو کا تحفظات کااظہار

اسلام آباد(ویب ڈیسک )سندھ کے تین بڑے ہسپتال وفاق کو منتقل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری ، ان میں جناح، قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) اور صحت اطفال (این آئی سی ایچ) شامل ہیں۔

وفاقی کابینہ نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے 17 جنوری 2019 کے احکامات کی روشنی میں اس عمل کی منظوری دی تھی اور منسٹری آف نیشنل ہیلتھ سروسز اینڈ کورڈینیشن نے نوٹیفکیشن گزٹ جاری کیا۔

وفاق کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق جناح ،قومی ادارہ برائے امراض قلب ،قومی ادارہ برائے صحت اطفال اب وفاقی حکومت کے تحت چلائے جائیں گے۔

تینوں اسپتالوں کے تمام انتظامی امور اب منسٹری آف نیشنل ہیلتھ سروسز اینڈ کورڈینیشن کے تحت چلائے جائیں گے اور تینوں اسپتالوں کے ملازمین اب وفاق کے ماتحت کام کریں گے۔

اسپتالوں کے مکمل امور کی منتقلی میں دو ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے جب کہ سندھ حکومت اس تمام معاملے پر عدالت میں نظر ثانی کی درخواست دائر کرچکی ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کے تین اسپتالوں کا کنٹرول لینے کے نوٹیفکیشن پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کا اقدام صوبائی خودمختاری پر حملے کے مترادف ہے۔

کراچی سے جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاقی حکومت عوامی غیظ و غضب سے قبل سندھ کے تین اسپتالوں سے متعلق اپنا فیصلہ واپس لے۔ پیپلز پارٹی ہر فورم پر وفاقی حکومت کے اس اقدام کی مزاحمت کرے گی۔

Comments are closed.